باغ (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر کے ضلع باغ کا طے شدہ دورہ متوقع خراب موسم کے باعث دوسری بار ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کا ہاڑی گہل باغ کا دورہ ابتدائی طور پر کل 20 جون کو دانش سکول کے سنگ بنیاد رکھنے کے لیے طے کیا گیا تھا۔یہ دوسرا موقع ہے کہ دورہ ملتوی کیا گیا ہے کیونکہ پہلا دورہ 20 مارچ 2025 کو خراب موسم کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سینئر نائب صدر مشتاق منہاس وزیراعظم کے دورے کی میزبانی کریں گے۔حلقہ وسطی باغ کی تحصیل ہری خیل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا جانا تھا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور وفاقی وزراء کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 22 جنوری 2025 کو آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھا تھا اسکول کی تعمیر اگلے سال تک متوقع ہے۔
اس ماہ کے شروع میں، وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں، آزاد جموں و کشمیر (AJK) میں تین سمیت 11 نئے دانش سکولوں کے قیام کی تجویز پیش کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گیارہ سکولوں کے قیام کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) سے 9.8 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔