ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغے دیئے ہیں جس کے بعد تل ابیب میں سائرن بچ اٹھے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر مزید میزائل داغے گئے ہیں ا ور انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میزائل داغے جانے سے کس حد تک نقصان ہوا ہے فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے میزائل داغنے کے بعد اپنے بیان کا قرآن مجید کی سورہ البقرہ کی آیت سے آغاز کیا اور کہا کہ اگر کوئی تم پر حملہ کرے تو اسی انداز سے جواب دو۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ ایران کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے وہ فضائی اڈے نشانہ بنائے گئے جو ایرانی شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے بتدریج جاری رہیں گے۔
اس سے قبل ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف عنقریب بڑی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اسرائیلیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جان بچاتے ہوئے فوراً حیفا اور تل ابیب چھوڑ دیں۔




