ایران نے اسرائیل پر چوتھا حملہ کرتے ہوئے مزید میزائل داغ دئیے ہیں، تل ابیب اور یروشلم میں زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ ایران کے حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک ہوگئے جبکہ63زخمی ہوئے ہیں۔
ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا حملہ کیا ہے جس میں ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں ہدف پر آکر گرا ہے۔
ایران کی جانب سے کئی میزائل داغے گئے جن میں سے بعض کو اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کردیا ۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب میں گرے ہیں جس سے کئی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو روکنے کیلئے دفاعی نظام متحرک ہے ۔عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل ایران نے ڈیڑھ سو سے زائد میزائل داغ کر اسرائیل کے خلاف انتقامی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
ایران کی جانب سے آپریشن وعدہ صادق سوم کے نام سے جوابی کارروائی کی گئی۔ ایک گھنٹے میں 3 وقفوں کے ساتھ 150 سے 200 میزائل اسرائیل پر داغے گئے۔
پہلے حملےمیں 100 اور دوسرے وار میں 50 میزائل داغے گئے جبکہ تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل داغے گئے۔
ایرانی میزائل تل ابیب میں مختلف اہداف پر گرے جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں سے ایک میزائل اسرائیل کی وزارت دفاع پر بھی مارا گیا ہے۔
ادھر اسرائیل نے بھی ایران پر حملے تیز کردیئے ہیں اور طیاروں کے ذریعے تہران کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔