iran supreme leader

اسرائیلیوں پر زندگی تلخ ہو جائیگی، اب انکو بھاگنے نہیں دیں گے: ایرانی سپریم لیڈر

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست کو اپنے جرائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا بیان ایران کی اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کے ساتھ جاری کیا گیا۔

ایرانی عوام کے نام پیغام میں آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھاکہ صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے اور اس کے نتائج بہت ہی برے ہوں گے، ایرانی قوم قیمتی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے حکام اور عوام کے تمام ارکان مسلح افواج کے پیچھے ہیں، آج ہر کوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ ہمیں صہیونی دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے۔

ہمیں طاقت سے کام کرنا چاہیے، اور ہم طاقت سے جواب دیں گے، ہم ان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے اسرائیل پر حملے کا دوسرارائونڈ، مزید300میزائل داغ دیئے

ان کا کہنا تھاکہ اسرائیلیوں پر زندگی بلاشبہ تلخ ہو جائے گی، یہ مت سوچیں کہ انہوں نے یہ کیا اور بس، نہیں یہ جنگ انہوں نے شروع کی، اب ان کو بھاگنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری مسلح افواج اس دشمن پر سخت ضربیں لگائے گی۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق ایران کی مسلح افواج اللہ کے حکم سے صیہونی حکومت کو شکست دیگی، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔

Scroll to Top