ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، میجر جنرل محمد باقری سمیت کئی جوہری سائنسدان شہید ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیلی حملہ،پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کی شہادت کی تصدیق
ایران کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے تہران میں پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا اور ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔
ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور جوہری سائنسدان فرید عباسی اور محمد مہدی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے ۔
کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد کی بھی ان حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کی گئی ہے،تہران کے ایک رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں بچوں سمیت متعدد افراد بھی شہید ہو ئے۔
حملوں کے بعد تہران میں سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں :ایرانی پاسداران انقلاب کا اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کروز میزائل تیار کرنے کا دعویٰ
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ وہ ایران پر حملوں سے پہلے ہی آگاہ تھے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اس میں ملوث نہیں ہے لیکن اگر ضرورت پڑی تو وہ اسرائیل کے دفاع میں مدد فراہم کرے گا۔
امریکی میڈیا کے ساتھ بات چیت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کے منصوبوں سے پہلے ہی واقف تھے، امریکی فوج نے اس آپریشن میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ، امید ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔