وزیراعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات،اقتصادی اور ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ابوظہبی:وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کے روز وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے، فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر وفاقی وزرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں باہمی تعاون اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین و سپیکر کی تنخواہوں میں غیرمعمولی اضافہ، وزیراعظم کا فوری نوٹس

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ پاکستان میں اماراتی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی، خطے میں امن و استحکام کی کوششوں پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرنے پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیراعلاعات عطاتارڑ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کاعمان کے سلطان کو فون، عید کی مبارکباد ، دورہ پاکستان کی دعوت دی

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے مل کر خوشی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے اپنے سرکاری دورے کے دوران میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا، ہم نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اعتماد اور بھائی چارے پر قائم ہمارے گہرے تعلقات، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں، میں شیخ محمد بن زید النہیان کا جلد پاکستان میں استقبال کرنے کے لیے منتظر ہوں۔

Scroll to Top