وزیراعظم شہبازشریف آج متحدہ عرب امارات کا دورہ،اہم ملاقاتیں کرینگے

وزیراعظم شہباز شریف آج متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔

وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینئرافسران شامل ہوں گے۔

شہباز شریف اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں اماراتی صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے دوطرفہ ملاقات بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم، یو اے ای کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،جاریہ اخراجات140ارب،ترقیاتی بجٹ کیلئے48ارب مختص، وزیراعظم نے 5 ارب کا پیکیج بھی دیدیا

یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ’وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور امارات کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف انڈیا کے ساتھ کشیدگی اور جھڑپوں کے بعد دوست ممالک کے دورے کر رہے ہیں اور متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے 25 سے 30 مئی تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان، اور تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا اور حالیہ پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران حمایت کرنے والے برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top