وکلاء تنظیموں کا دبائو،مستقل چیف جسٹس ہائیکورٹ کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونیکا امکان

مظفر آباد:معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وکلاء تنظیموں کے دباؤ پر قائم مقام چیف جسٹس لیاقت شاہین کی مستقل چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن آج بدھ کو جاری ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل، وزیراعظم پاکستان نے مستقل چیف جسٹس کی منظوری دی تھی تاہم محکمہ قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جسکی وجہ سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایوان صدر کو جسٹس سردار لیاقت شاہین کی بطور مستقل چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تعیناتی والی سمری موصول ہو گئی ہے۔

صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود نے فوری طور پر نوٹیفکیشن کیلئے سمری چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو ارسال کردی ہے جس کے بعد آج بدھ کو مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کانوٹیفکیشن متوقع ہے۔

قبل ازیںوائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل عقاب احمد ہاشمی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مستقل چیف جسٹس کی ایڈوائس پانچ جون 2025 کو آزاد کشمیر حکومت کو بھیجی گئی، حکومت آزاد کشمیر نے ایڈوائس موصول ہونے کے باوجود قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا گیا جو ائین کی خلاف ورزی ہے جس پر وکلاء برادری سراپا احتجاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس لیاقت شاہین نے قائم مقام چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد کشمیر کا حلف اٹھا لیا

انہوں نے کہا کہ وکلا مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ راولاکوٹ نے بھی آزاد جموں کشمیر بار کونسل کے فیصلے کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قائمقام چیف جسٹس عدالت العالیہ سردار لیاقت حسین شاہین کو آئین اور قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے بطور چیف جسٹس عدالت العالیہ کنفرم کیا جائے

دو دن میں اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں بار کونسل جو بھی کال دیگی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ راولاکوٹ بار کونسل کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

Scroll to Top