ہٹیاں بالا شدید گرمی کی لپیٹ میں، طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا

ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاور ہاؤس شاریاں سے منسلک سینکڑوں علاقوں میں شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی ناقابل برداشت بندش،عوام شدید مشکلات سے دوچار،حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کی طرح گرمیوں میں بھی پاور ہاؤس شاریاں سے منسلک سینکڑوں علاقوں میں بجلی کی ناقابل برداشت بندش کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

انجمن تاجران لمنیاں بازار نے بجلی کی بندش پر اپنا سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ برقیات،پاور ہاؤس نیلی، شاریاں اپنا قبلہ درست کریں شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے عوام کو تنگ نہ کیا جائے ورنہ دما دم مست قلندر، سخت عوامی ایکشن سامنے آسکتا ہے۔

ہماری بجلی کاٹ کر دیگر علاقوں کو دینے سے گریز کیا جائے،سردیوں میں بھی ہمارے ساتھ یہی سلوک کیا جاتا ہے اور گرمیوں میں بھی یہ ظلم ناقابل برداشت ہے،دوسری جانب تیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ہیوی ٹرانسفارمر کی گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا میں تنصیب کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا کے اوور، لوڈ ہونے سے بندش چناری بریکر پر زیادہ لوڈ کی وجہ سے ہر وقت پیش آتی ہے،اس وقت گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا میں ایک ایکسٹرا بریکر موجود ہے۔

اگر ٹرانسفارمر کی تنصیب کے دوران محکمہ برقیات،واپڈا چناری لائن پر نئی ڈی پی بنا کر پہلے سے موجو دایک اور بریکر نصب کر کے چناری لائن کو دو بریکرز پر تقسیم کردیں تو گرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا کے اوور، لوڈ سے بندش کا مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی مشکلات ختم ہو سکتی ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم،وزیر برقیات اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیرگرڈ سٹیشن ہٹیاں بالا پر ٹرانسفارمر کی تنصیب کے دوران چناری لائن کو دو بریکرز میں تقسیم کرنے کے احکامات بھی جاری کریںکیونکہ گرڈ سٹیشن دو سے تین دن کیلئے بند ہونا ہے

اسی دوران چناری لائن پر ایک اور بریکر لگا کر اسے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے،اگر اب کی بار یہ مسئلہ بھی حل نہ ہوا تو مستقبل میں بھی عوام کو تیس کروڑ سے زائد مالیت کے ٹرانسفارمر کی تنصیب کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا رہے گا۔۔۔۔
بجٹ 2025-26 پیش، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 ، پینشنز میں 7 فیصد اضافہ

Scroll to Top