اسلام آباد:آزادکشمیر کے وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے کہا ہے کہ مہاجرین کی آبادکاری میں سب سے بڑی رکاوٹ آزاد کشمیر کی اشرافیہ ہے،اقتدارکے حصول کیلئے منتیں کی جاتی ہیںبعدمیں مہاجرممبران بوجھ بن جاتے ہیں۔
جاویدبٹ کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے رکشہ چلایا لیکن کسی غریب کی لاش پر سیاست نہیں کی،رکشے فروخت کیے لیکن کبھی منشیات،جعلی ڈاکٹر اور جعلی حکیم بن کر آزاد کشمیر کے لوگوں کو ادوایات فروخت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے رکشے،موٹرسائکل،لوڈرز،سکوٹی بھی فروخت کیں لیکن کبھی جھوٹ کا چورن مارکیٹ میں فروخت نہیں کیا۔اپنا نقصان کر کے لاکھوں لوگوں کو رزق کا ذریعہ فراہم کیا لیکن کبھی قلم فروشی کر کے اس ملک و قوم کا نقصان نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنا عوامی ایکشن کمیٹی کادائرہ اختیار نہیں، خواجہ فاروق احمد
جاوید بٹ کا کہناتھا کہ ہم نے اپنے حق حلال روزی روٹی کمانے کیلئے سب فروخت کیا لیکن کبھی یتیموں،بیوائوں،مساکین،نادار اور مجبور لوگوں کا حق اور انکا مال آزاد کشمیر کے بازاروں میں فروخت نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ رکشے خریدے لیکن کبھی جعلی بیع ناموں پر قبضہ کر کے مہاجرین،نادار،مجبور،بیوائوں،یتیموں کی جائیدادیں ہڑپ نہیں کیں،میرا اگر 5 مرلہ کا گھر ہے تو میں چاہتا ہوں کہ میرے کشمیری مہاجر کا گھر بھی میرے گھر سے کم نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے مہاجرین کے نمائندوں کی منتیں کی جاتی ہیں لیکن جب خواہشات اور اقتدار حاصل نہ ہو تو آپکو مہاجرین بوجھ لگنا شروع ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی کو ہر چیزمفت چاہیے ،مہاجرین کے بارے میں زہر اگلا تو زبان کھینچ لیں گے،جاوید بٹ
جاوید بٹ کا کہنا تھا کہ پورا کا پورا جموں کشمیر پاکستان کا حصہ تھا،ہے اور رہے گا،جموں کشمیر کو مکمل قومی دھارے میں لاکر پورے جموں کشمیر کی نمائندگی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سیٹیں بھی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ آج کل شدید تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ انکی فرضی سکیمیں منظر عام پر آئی ہیں اوران کے سٹیٹ سبجیکٹ پر بھی سوال اٹھایا جا رہا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
جاوید بٹ کو راولپنڈی کے حلقہ سے شیخ رشید کی سفارش پر پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری کیا گیا تھا، آج کل فارورڈ بلاک میں ہیں اور انوارکابینہ کا حصہ ہیں۔