ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) کشمیر ڈیجیٹل کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد بالآخر 32 کروڑ روپے مالیت کا ٹرانسفارمر ہٹیاں بالا گرڈ اسٹیشن میں دوبارہ نصب کر دیا گیا ۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر ممکنہ طور پر کرپشن کی نذر کیا جا رہا ہے۔
ستمبر 2024 میں 32 کروڑ روپے مالیت کا ٹرانسفارمر ہٹیاں بالا گرڈ اسٹیشن پر لایا گیا تھا، تاہم ابتدا ہی سے اس میں فنی خرابیاں موجود تھیں۔ ان خرابیوں کی تصدیق کے بعد اسے مرمت کے لیے لاہور روانہ کر دیا گیا۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ یہ ٹرانسفارمر 15 اپریل 2025 تک دوبارہ گرڈ اسٹیشن پر نصب کر دیا جائے گا، مگر ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد بھی ٹرانسفارمر کی واپسی نہ ہو سکی۔
علاقے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے پریشان عوام کے مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر کو مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کی ملی بھگت سے غائب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس رپورٹ کے منظر عام پر آتے ہی متعلقہ محکموں نے فوری نوٹس لیا اور چند ہی روز بعد ٹرانسفارمر دوبارہ ہٹیاں بالا گرڈ اسٹیشن پہنچا دیا گیا۔
عوامی حلقوں اور سول سوسائٹی نے اس صحافتی اقدام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف اس واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے بلکہ ایسے تمام معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت اور عوامی آواز کس طرح سرکاری اداروں کو جوابدہ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
عید پر گوشت کا استعمال صحت کیلئے کیسا رہےگا؟ ماہرین نے خبردار کردیا