اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے اور چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کردی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا،12 جون تک بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا،جنوبی علاقوں کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے،تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، وسطی اور جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے،اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ خیبرپختونخوا میں مردان، نوشہرہ، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، ہری پور، تورغر، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، خیبر اور ضلع کرم میں بھی بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں،درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
لبیک اللّٰہم لبیک! عرفات میں خطبۂ حج کےروح پرور مناظر، خطبۂ حج 35 زبانوں میں نشر کیا گیا