ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل)جہلم ویلی میں محکمہ صحت کی جانب سے عوام کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ضلع بھر میں بائیکیا ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو ہنگامی حالات میں مریضوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قریب ترین ہسپتال تک پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو گی۔
اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ہٹیاں بالا میں منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری صحت برگیڈئر (ر) فرید احمد، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق اعوان، ڈی ایچ او ڈاکٹر طاہر رحیم مغل سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے اس اقدام کو دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کے لیے ایک “گیم چینجر” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیکیا ایمبولینس دشوار گزار اور تنگ راستوں میں باآسانی رسائی حاصل کر سکتی ہے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ قیمتی جانوں کو بچانے میں بھی مدد ملے گی۔
بائیکیا ایمبولینس سروس نہ صرف فرسٹ ایڈ سے آراستہ ہو گی بلکہ بنیادی ادویات، ابتدائی طبی آلات اور تربیت یافتہ عملے سے بھی لیس ہو گی، جو ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مریض کی مدد کرے گا۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ سروس دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
جاپانی سفارتکارعبومی ہیروکی جماعت اسلامی کے مرکز پہنچ گئے، ڈاکٹر مشتاق خان سے اہم ملاقات