اسلام آباد/مظفر آباد: آزادکشمیر کے ضلع مظفر آباد اور ضلع جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے دو شہری کچے کے ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گئے اور ان پر تشدد کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔
ڈاکوئوں نے شہریوں کے لواحقین سے بھاری تاوان مانگ لیا ہے جس پر ان کے ورثاء شدیدپریشان ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔
کشمیرڈیجیٹل نے گزشتہ دنوں نیلم کے ایک شہری کے اغواء ہونے کی بھی خبر دی تھی کہ وادی نیلم کے احمد خان کو کچے کے ڈاکوئوں نے ٹریپ کرکے اغوا کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے حلقہ5کھاوڑہ کے گائوں اتراسی سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری عزیزالرحمان اعوان اور ضلع جہلم ویلی چکار کے بشیر خان ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔
حلقہ پانچ کھاوڑہ کے گاؤں اتراسی سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں ڈاکوئوں نے30لاکھ نقدی،دو آئی فون مانگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص انتہائی سفید پوش ہے ، اہل علاقہ نے حکام سے نوٹس لے کر اس کی بازیابی کیلئے کرداراد ا کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھرجہلم ویلی کی تحصیل چکار کے نواحی علاقے ناگنی کیسرکوٹ کے رہائشی بشیر خان کو دھوکہ دیکر کشمور کچے کے ڈاکوؤں نے اغواء کیا۔
ڈاکوؤں نے بشیر خان کی رہائی کے عوض ورثاء سے لاکھوں روپے کے تاوان کی ڈیمانڈ کی ہے۔
مغوی بشیر خان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈاکو تاوان کی عدم ادائیگی پر وحشیانہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، میں بہت مشکل میں ہوں،ڈاکوؤں کو تاوان ادا کرکے میری جان بچائی جائے ۔
اہلخانہ نے حکومت آزادکشمیر سے اپیل کی ہے رہائی کیلئے کردار ادا کیا جائے۔
یاد رہے کہ کچے کے ڈاکو سستی اشیا کے نام پر شہریوں کو ٹریپ کرکے اغوا کرتے ہیں اور پھر بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے نوجوان کو کچے کے ڈاکوئوں نے ٹریپ کر لیا، بھاری تاوان طلب