راولاکوٹ:ایس ایس پی پونچھ ریاض مغل نے کہا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ حسین کوٹ کی ایک غار میں دہشتگردچھپے ہوئےہیں جس پرہم نے کارروائی کی۔
رات گئے راولاکوٹ میں پریس بریفنگ کے دوران ایس ایس پی پونچھ ریاض مغل نے بتایا کہ راولاکوٹ کے نواحی علاقے حسین کوٹ میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر پولیس نے ایس ایس پی پونچھ اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر زکی نگرانی میں چھاپہ مارا۔
پولیس نے ایس ایس جی کمانڈوز کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا جو کہ ایک دشوار گزار مقام تھا،دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو جب پولیس نے چاروں اطراف سے گھیر لیا تو ایک دہشتگرد جبران نے ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس سے پولیس اہلکار اور ایک ملزم بھی زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چاروں دہشتگردہلاک ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکار شہید اور 20زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ دہشتگردوں کا سرغنہ زرنوش نسیم سجاد ریشم کے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا جبکہ یہی ملزمان پولیس پر فائرنگ میں بھی مطلوب تھے
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق تحریک طالبان کشمیر( ٹی ٹی کے )سے تھا جبکہ یہ گروہ منظم ساز ش کے کام کررہا ہے اور افغانستان میں بیٹھا ڈاکٹر رئوف اینڈ کمپنی اس کے پیچھے ہے۔
یاد رہے ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں میں دو سگے بھائی زرنوش نسیم اور جبران نسیم شامل ہیں جن کا تعلق ضلع باغ کے علاقے غنی آباد سے بتایا جا رہا ہے جبکہ دو دہشتگردوں کی شناخت ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کچھ ماہ سے ان کے پیچھے تھے حتی کہ ہلاک ہونیوالے ملزمان کے والدین نے ویڈیو بیان میں ان سے اپیل کی تھی کہ اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کریں لیکن یہ باز نہ آئے اور اپنے انجام کو پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں کی تصاویر سامنے آگئیں، وزیر داخلہ کا پولیس واداروں کو خراج تحسین