میرپور:وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بہادر کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے زیر اہتمام کھڑی شریف میر پور میں یوم تکبیر کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے یوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ جیسی صورتحال میں لائن آف کنٹرول کشمیر جاکر وہاں کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی، میں نیلم میں تھا کہ مجھے کالز آئیں کہ آپ یہاں سے نکل جائیں۔
امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کے لوگ جذبے سے سرشار ہیں اور پاکستان اور پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، یہ جذبہ ناقابل شکست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے جذبے اور پاکستان کے ساتھ محبت کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں، ہمارے اور بھارت کے درمیان یہی فرق ہے، ہمارے لوگ پاک فوج سے محبت کرتے ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو ہر شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔
امیرمقام نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے، جیسے ہمارے آبائو اجداد نے کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کیا تھا، ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہم ملک کی حفاظت کے لیے شہید ہوں یا غازی بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔
الحمد للہ یہ شرف مسلم لیگ (ن) کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا کہ جس نے تمام تر یکطرفہ عالمی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر یہ جراتمندانہ قدم اٹھایا اور اب افواج پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں قوم کا سر فخر سے بلندکر دیا جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، امیرمقام کا کنٹرول لائن سےبھارت کو پیغام