مظفرآباد: دارالحکومت کی تحصیل پٹہکہ نصیر آباد کے گاؤں کھیتر اور بلگراں میں منگل کو اچانک بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے 3خواتین جاں بحق ہوگئیں اور ایک شخص لاپتہ ہوگیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ماں بیٹی کی موت بلگراں میں ہوئی جبکہ کھیتر میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی اور اس کا والد لاپتہ ہوگیا ، کلائوڈ برسٹ سے 25مکان تباہ ہوئے جبکہ ایک مسجد بھی شہید ہوئی۔
جاں بحق ہونیوالی خواتین میں75سالہ زیور جان انکی بیٹی35سالہ شرینا بی بی ،35سالہ گوری بی بی شامل ہیں جبکہ75سالہ جلال دین لاپتہ ہیں جو ممکنہ طور پر ریلے میں بہہ گئے ہیں۔
مقامی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اور رضاکار تلاش اور بچاؤ میں مدد کیلئے فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئے۔ آفت سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم علاقے میں پہنچ گئی تھی۔ SDMA نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ بادل پھٹنے کا واقعہ ’’ماگری مالی‘‘ اور’’لیسوا‘‘کے علاقوں میں ہوا۔
مظفرآباد کے علاوہ نیلم میں بھی شدید بارش ہوئی اور جکھڑ بھی چلا لیکن کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد ، بادل پھٹنے سے طغیانی، قیمتی املاک تباہ، مسجد شہید، متعددمکان زد میں آگئے