نریندرمودی کا بیان نفرت انگیز، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے نفرت انگیز اور پرتشدد قرار دیا ہے۔

اپنے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات نفرت انگیز، پرتشدد اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نریندر مودی کے بیان کو لاپرواہی اور اشتعال انگیزی سمجھتا ہے، پاکستان اپنی سالمیت، خود مختاری کیلئے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کی اس بیان بازی کا نوٹس لینا چاہیئے، بھارت کی اس قسم کی بیان بازی سے خطے کے امن واستحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نریندر مودی کے اس بیان کا مقصد جغرافیائی تبدیلی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قیام امن میں سرکردہ شراکت دار ہے، پاکستان انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل کردار ادا کررہا ہے۔

اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار اور باہمی احترام کے تحت امن کیلئے پرعزم ہے، ہندوستان کو اپنے ملک کے اندر انتہا پسندی پر غور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو اپنے جوہری سکیورٹی سسٹم پرمکمل اعتماد، دنیا انڈیا کی فکر کرے، دفتر خارجہ

Scroll to Top