مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت سے بیرون ملک بسلسلہ روزگار یا سٹڈی ویزہ پر جانے والے نوجوانوں کے عزیزو اقارب کو بذریعہ واٹس ایپ جذباتی طور پر بلیک میل کرکے ہزاروں روپے نوسربازوں نے لوٹ لئے۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم نوجوانوں کے رشتہ داروں، ان کے قریبی دوستوں کو مختلف انجان نمبروں سے مجبور ہونے کے میسج کر کے ہزاروں روپے منگوا لئے گئے۔
مظفرآباد سے برطانیہ سٹڈی ویزہ پہ جانے والے فاروق احمد عباسی جو بیلہ نور شاہ کے رہائشی ہیں کے دوستوں عزیزوں کو گزشتہ چند ہفتوں سے واٹس ایپ کے ذریعے اپنے آپ کو مجبور ظاہر کرکے پیسے منگوائے جا رہے ہیں ۔
اس حوالے سے مظفرآباد میں فاروق احمد عباسی کے دوستوں کو انکی فیملی نے درخواست کی ہے کہ وہ انکے نام پہ کسی کو بھی پیسے بھیجنے سے قبل انکی فیملی ممبران سے لازمی رابطہ کریں کیونکہ اس سے قبل بھی دو سے تین آدمی ان کے نام پہ پیسے ان فراڈیوں کو بھیج کر ضائع کر چکے ہیں ۔
فاروق احمد عباسی کے فیملی ممبران نے متعلقہ اداروں اور آزادکشمیر پولیس سے مطالبہ کہا ہے کہ وہ شہر بھر میں ایزی پیسہ دکانوں اور فون میں استعمال ہونے والی سموں کو قانونی دھارے میں لائیں، شہر کی سڑکوں پر مفت میں مختلف نیٹ ورک کی سمیں فروخت ہو رہی ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: تخریب کار گروپ متحرک، آزاد کشمیرمیں دہشتگردی کے خطرات منڈلانے لگے ، الرٹ جاری




