مکہ مکرمہ:حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی منظوری سے مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید حج کے موقع پر یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔
ڈاکٹر صالح بن حمید کا تعلق سعودی عرب کے شہر برید (صوبہ القصیم) سے ہے جہاں وہ 1369 ہجری میں پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے مکہ مکرمہ میں ثانویہ عامہ مکمل کی اور پھر وزارتِ معارف کے تحت قائم الشریعہ و اسلامیات کالج سے 1392 ھ میں ممتاز گریڈ اور فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
بعد ازاں انہوں نے 1396ھ میں جامعہ ام القریٰ سے ماسٹرز اور 1402 ھ میں اسی جامعہ سے امتیازی نمبروں کے ساتھ پی ایچ ڈی مکمل کی۔
تعلیم کے بعد وہ جامعہ ام القریٰ کی کلیۃ الشریعہ میں تدریس سے وابستہ ہوگئےجہاں وہ لیکچرر سے ترقی پاتے ہوئے اسلامی معیشت کے شعبہ کے سربراہ مقرر ہوئے۔
ڈاکٹر صالح بن حمید مسجد الحرام کے پہلے ایسے امام ہیں جنہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
بعد ازاں وہ حرمین شریفین کے امور کے نائب سربراہ اور پھر 1414 سے 1421 ہجری تک مجلسِ شوریٰ کے رکن رہے۔ 1421 ہجری میں انہیں حرمین شریفین کے امور عامہ کا سربراہ مقرر کیا گیا۔
24 ذوالقعدہ 1422 ہجری کو شاہی فرمان کے ذریعے انہیں مجلسِ شوریٰ کا سربراہ بنایا گیا جبکہ 19 صفر 1430 ھ کو وہ اعلیٰ عدالتی کونسل کے صدر بھی مقرر ہوئے۔
24 ربیع الآخر 1433 ھ کو انہوں نے اپنی درخواست پر اس منصب سے سبکدوشی اختیار کی، جس کے بعد انہیں وزیر کے برابر مرتبے کے ساتھ شاہی دیوان میں مشیر تعینات کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حسین خواب حقیقت بن گیا،40 سال سے حج کیلئے پیسے جمع کر نے والا جوڑا سعودی عرب پہنچ گیا