پیپلزپارٹی آزادکشمیرقیادت کی کارکن کش پالیسیوں پر جیالوں کی بغاوت،گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان

مظفرآباد: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کارکنوںنے اپنی ہی قیادت کی کارکن کش پالیسیوں کیخلاف 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر راولاکوٹ میں گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان کر دیا ۔

سابق چیئرمین پی وائی او سردار ببرک خان نے مظفر آباد میں سید شجاعت کاظمی ودیگر جیالوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ پر ہی عمل کرکےآگے بڑھا جا سکتا ہے، کچھ عرصہ سے آزادکشمیر میں آمرانہ رویہ اپنا یا جا رہا ہے، پوری منصوبہ بندی سے بنیادی کارکنوں کو سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی حقوق کیلئے آئندہ بھی لڑیں گے،ہم نے مطالبہ کیا کہ تنظیم سازی میں مشاورت کی جائے لیکن کوئی مشاورت نہیں کی گئی اورسائیڈ لائن کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت پر فارغ کیا گیا،ہم اب بھی عوامی حقوق کی بات کرنے پر ایکشن کمیٹی کیساتھ ہیں اور ان کے چارٹرآف ڈیمانڈ کی حمایت کرتے ہیں۔

سردار ببرک نے کہا کہ ہمیں قیادت کس طرح روک سکتی ہے جب ہم نے عوامی حقوق کے تحفظ کا حلف لیا ہے تو قیادت ہمیں کیسے روکاجا سکتا ہے، پیپلزپارٹی انوارحکومت سے علیحدگی اختیارکرے۔

انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کو شہید بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹا گیا اس دن یوم سیاہ منایاجا تا ہےاسی دن ہم راولاکوٹ میں گرینڈ جرگہ بلائیں جس میں آزادکشمیر بھر سے جیالے شریک ہونگے۔

بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہوگا، گرینڈ جرگہ میں ہم مسئلہ کشمیر پر بھی بات کرینگے،ہمارا فلسفہ جمہوری جدوجہد کا ہے، ہم جنگ کو کسی مسئلے کا حل نہیں سمجھتے۔

یاد رہےکہ سردار ببرک خان کا شمار پی پی کے نظریاتی جیالوں میں ہوتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور نے انہیں ہٹا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت مدت پوری کریگی،آئندہ الیکشن میں مقابلہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہوگا،فیصل راٹھور

 

Scroll to Top