بلدیاتی نمائندگان ضلع جہلم ویلی کا اجلاس: حکومت آزاد کشمیر سے مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

ہٹیاں بالا: ضلع جہلم ویلی کے بلدیاتی نمائندگان نے بلدیاتی اداروں کے استحکام اور عوامی فلاح کے لیے حکومت آزاد کشمیر سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نمائندگان نے ایکٹ 2024 کی منظوری، بلدیاتی اداروں کو درکار فنڈز کی فراہمی، ایکٹ 1990 کے تحت ضمنی انتخابات کا انعقاد، جاری شدہ نوٹیفکیشنز کی عملداری اور مطلوبہ عملے کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا ہے ۔ یہ مطالبات ہٹیاں بالا میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں سامنے آئے جس میں ضلع کونسل کے چیئرمین طیب منظور کیانی، وائس چیئرمین چوہدری زاہد فرید، چیئرمین میونسپل کمیٹی سجاول خان، وائس چیئرمین شیخ ممتازاور فوکل پرسن سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں اور بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے تعلیم و صحت پر توجہ ضروری ہے: جے کے ایس ایم چیئرمین

اجلاس میں خواتین، یوتھ، کسان، یونین کونسلز اور میونسپل کمیٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ شرکاء نے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر پورے کیے جائیں۔ نمائندگان نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو ضلع بھر کے نمائندگان احتجاج کے لیے مرکزی رابطہ کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی کسی بھی کال پر عمل کریں گے۔

اجلاس میں عوامی فلاح کے لیے بلدیاتی اداروں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی مضبوطی کے لیے حکومت کی فوری توجہ اور اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

Scroll to Top