گزشتہ روز کراچی سے لاہور روانہ ہونے والی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز نے طوفانی آندھی کے باعث خوفناک لمحے دیکھے۔ موسم کی شدت کے باعث پرواز کو کراچی واپس بھیج دیا گیا۔
ایک نجی نیوز چینل کے مطابق، پرواز میں سوار ایک مسافر نے واقعے کا آنکھوں دیکھا حال سناتے ہوئے بتایا کہ آغاز میں لینڈنگ بالکل معمول کے مطابق لگ رہی تھی نہ کوئی جھٹکا محسوس ہوا اور نہ ہی کسی خرابی کا اندازہ ہوامگر جیسے ہی جہاز کے پہیے رن وے سے ٹکرائے، صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی۔ طاقتور ریت کا طوفان اچانک طیارے سے ٹکرا گیا جس پر پائلٹ نے فوری طور پر لینڈنگ روک کر دوبارہ اڑان بھر لی۔
مسافر کا کہنا تھا کہ اس کے بعد کے لمحات ان کی زندگی کے سب سے ہولناک لمحات میں سے تھے۔ تقریباً 10 سے 12 منٹ تک جہاز شدید طوفانی ریت میں گھر گیا، حدِ نگاہ مکمل طور پر ختم ہوچکی تھی اور تیز ہواؤں نے جہاز کو ایسے جھٹکے دیے جیسے وہ پتنگ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پرواز کئی بار بڑے ایئر پاکٹس میں پھنسی، ہر بار سینکڑوں فٹ نیچے گرنے پر مسافر چیخ اٹھے، کچھ افراد خوف سے رو پڑے جبکہ کئی لوگوں نے اپنی سیٹوں یا ساتھ بیٹھے افراد کا ہاتھ پکڑ لیا۔ جہاز کے اندر ایک گھبراہٹ اور خوف کا سماں تھا باہر طوفان زوروں پر تھا۔
مسافر کے مطابق، اچانک جہاز بلندی پر پہنچا تو طوفان کا زور ٹوٹنے لگا،ریت کم ہوئی تو کچھ نظر آنا شروع ہوا اور جہاز سورج کی روشنی میں بادلوں کے اوپر نکل آیا۔ تیز ہوائیں غائب ہوچکی تھیں اور لمحہ بھر کو یوں محسوس ہوا جیسے جہاز خلا میں کھڑا ہو۔
اس منظر نے طیارے میں سکون کی لہر دوڑا دی مسافر کھڑکیوں سے باہر حیرت سے دیکھ رہے تھے، کئی کی آنکھوں میں آنسو تھے، کچھ لوگ خاموش دعائیں پڑھ رہے تھے اور ہر طرف شکر کے الفاظ گونج رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز تباہ حال، شہریوں کا فوری بحالی کا مطالبہ
آخر میں مسافر نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں سفر کر چکے ہیں اور ہوائی خلل کا سامنا کیا ہے لیکن ایسا تجربہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ لمحہ یاد دہانی تھا کہ قدرت کے سامنے انسان کس قدر بے بس ہے اور طوفان سے بحفاظت نکل آنا کسی معجزے سے کم نہیں۔