barister sultan

بھارت دفاعی پوزیشن پر آچکا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی،بیرسٹر سلطان

اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل)صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کر تے ہوئے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور حملہ آور ہوا۔

ہماری پاک افواج نے بھارت کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اُس کے جنگی جنون کو خاک میں ملایا ہم پاک افواج کی اس کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اب دفاعی پوزیشن پر آ چکا ہے اور ہم سب کو مل تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں ،مسئلہ کشمیر کے دو نہیں تین فریق،کشمیریوں کو بھی مذاکرات میں شامل کیا جائے، بیرسٹر سلطان

بھارت ایک ڈر پوک دشمن ہے جس نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا اور معصوم لوگوں کو رات کی تاریکی میں شہید کیا،ہندوستان پاک افواج کی طرف سے جوابی کارروائی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ۔

مودی سرکار کو اس وقت اپنے ملک کے اندر ہزیمت کا سامنا ہے،بھارت کی شکست پر بھارتی عوام نریندر مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر میں چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، پولیٹیکل سیکرٹری ہمراہ صدر گرامی سکندر بیگ اور صدارتی کوارڈینیٹر چوہدری امجد محمود آرائیں سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک خوش آئند قدم ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور امریکی صدر کی طرف ثالثی کی پیشکش کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر اُجاگر ہوا ہے ۔

ہم سب کو مل کر بالخصوص اوورسیز کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی جنگی جارحیت کو بے نقاب کرن کیلئے کمر بستہ ہونا پڑے گا تاکہ مودی کے ان مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ،ن لیگی صدر شاہ غلام قادر صدر بیرسٹر سلطان محمود سے ملنے اسلام آباد پہنچ گئے، سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میرپور کے عوام کے مسائل کا حل اور تعمیر و ترقی میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میرپور کے عوام نے مجھے9مرتبہ آزاد جموں وکشمیر قانون سا ز اسمبلی کا ممبر منتخب کیا یہ اعزاز آج تک کسی کے پاس نہیں ہے۔

میرپور کے عوام کے جتنے مسائل ہیں وہ جلد حل کیے جائیں گے اور اس حوالے سے میں خود اپنی نگرانی میں میرپور کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کراؤں گا ۔

Scroll to Top