نیلم کے عوام کوسہولیات کی فراہمی پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں ، وزیر اطلاعات آزادکشمیر

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں موسم کی شدت کے باوجود اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں گے، شاہراہ نیلم شدید برفباری کے باوجود تائو بٹ تک کھول دی ہے، میڈیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم وادی نیلم کے برف سے متاثرہ علاقے ہلمت میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔

نیلم کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ حکومت کو ہارڈ ایریاز میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے، ان کی مشکلات کم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان بھی وادی نیلم اور دیگر علاقوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے جس پر ان کے شکرگزار ہیں، شاردہ، پھلوائی اور دیگر بالائی علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کی ترقی کیلئے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات پر اہلیان نیلم وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔

Scroll to Top