نئی دہلی،15 ہزار کے پاکستانی ڈرونز گرانے کیلئے 15 لاکھ کے میزائل کا استعمال کیو ں کیا گیا؟ کانگریس نے مودی حکومت سے وضاحت مانگ لی۔
کانگریس کے سینئر رہنما وجے واڈیٹیوار نے حکومت سےسوالات کی بھرمارکردی ہے۔کانگریس لیڈرکا کہنا تھا کہ آپریشن سندور میں ہونے والے نقصانات اور خرچ پر وضاحت دی جائے۔
وجے واڈیٹیوار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 15 ہزار روپےکے 5000 چینی ساختہ ڈرونز بھیجے ،بھارت نے ایک ڈرون گرانے کیلئے 15 لاکھ روپے کا میزائل کا استعمال کیا ۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کو بتانا چاہیےکہ آیا پاکستان کی جانب سےکوئی رافیل طیارہ گرایا گیا؟ اور ہمارےکتنے فوجی زخمی یامارےگئے؟ اور امریکا کے کہنے پر جنگ بندی کیوں کی گئی؟ عوام اصل حقیقت جانناچاہتے ہیں۔
وجے واڈیٹیوار نے مودی کے آپریشن سندور کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کے بارے میں ملک کے لوگوں کو وضاحت فراہم نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو خطے میں ممکنہ حملے کی پیشگی اطلاع تھی اور سوال کیا کہ سیاحوں کو اطلاع کیوں نہیں دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وجے واڈیٹیوارنے مودی حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا جمہوریت میں یہ سوال پوچھنا کیوں غلط ہے؟ انہوں نے کہاکیا کوئی نقصان ہوا؟ کتنے فوجی زخمی ہوئے؟ ہم نے امریکی ہدایات کی بنیاد پر آپریشن روک دیا تو عوام کو جاننے کا حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی ڈرونز کے جواب میں پاکستان نے اسرائیل پر حملے کی براہ راست تیاری کرلی تھی ، غلام اللہ اعوان کا انکشاف