سپارکو نے عیدالاضحیٰ کی متوقع تاریخ بتا دی!

اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ذوالحج کے چاند اور عیدالاضحیٰ کی متوقع تاریخ سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ کو منائے جانے کا امکان ہے۔

سپارکو کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلکیاتی ماڈلز کے مطابق ذوالحج کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو صبح 08:02 بجے (پاکستان معیاری وقت) پیدا ہوگا۔ سائنسی تجزیے کے مطابق، 27 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی، جو بہت کم ہے۔

ادارے کے مطابق، سائنسی لحاظ سے بہترین موسمی حالات میں بھی اس روز چاند کی رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، لہٰذا فلکیاتی تجزیے کی روشنی میں یکم ذوالحجہ 29 مئی 2025 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس حساب سے ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔

سپارکو نے واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی چشم دید گواہیوں اور موسمی حالات کی بنیاد پر کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو بیجز لگانے کی تقریب آج ایوانِ صدر میں ہوگی

اس سے قبل فلکیاتی ماہرین نے بھی مشاہدات کی بنیاد پر بتایا تھا کہ 28 مئی کو چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زیادہ ہوگی جس سے ذوالحج کے چاند کے نظر آنے کے امکانات میں اضافہ ہو جائے گا۔ اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوتی ہے تو یکم ذوالحجہ 29 مئی بروز بدھ کو اور عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی۔

واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کا انحصار قمری کلینڈر اور چاند کی واضح رویت پر ہوتا ہےاس لیے حتمی تاریخ کا تعین رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ تاہم، فلکیاتی ماہرین کی یہ پیشگوئیاں عوام کو پیشگی تیاریوں اور سفری منصوبہ بندی میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔

Scroll to Top