پی ٹی آئی آزادکشمیر کے نائب صدر و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سید ذیشان حیدر نے وائس چیئرمین بلدیہ شیخ ممتاز کے ہمراہ گریڈ اسٹیشن ہٹیاں بالا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میگا ٹرانسفارمر کی عدم فراہمی اور محکمہ برقیات کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ برقیات کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث خودساختہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو چکا ہے جو عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ سید ذیشان حیدر نے محکمہ برقیات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے دورافتادہ علاقوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے تاکہ مخصوص بااثر افراد کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی کا ادراک ہے مگر اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے پاور ہاؤسز میں کرپشن کے نتیجے میں ناقص مشینری استعمال کی گئی، جو موجودہ بحران کی اصل وجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے نوجوان حکمران اعوان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بندش کے معاملے میں عوام کے ساتھ مساوی اور منصفانہ سلوک کیا جانا چاہیے اور لوڈشیڈنگ کا شیڈول اعلانیہ اور مساوی طور پر نافذ کیا جائے۔ اگر محکمہ برقیات نے ان مطالبات کو پورا نہ کیا تو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سید ذیشان حیدر نے حکومت اور انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ اس اہم مسئلے پر صرف وقت گزارنے کی پالیسی اپنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر نہ کیا گیا تو عوامی احتجاج کی حمایت کی جائے گی اور ہر فورم پر اس مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔