اسلام آباد:عوامی آرا جاننے والے ادارے گیلپ پاکستان نے پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کے حوالے سے نیا سروے جاری کردیا۔
12سے 18 مئی تک کئے گئے گیلپ پاکستان کے نئے سروے میں انکشاف کیا گیاکہ پاک بھارت سیز فائر معاہدے کو پاکستانی عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور 91 فیصد پاکستانیوں نے سیز فائر معاہدے کو درست فیصلہ قرار دیا۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ 96 فیصد پاکستانی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر بھی خوش دکھائی دیئے اور حالیہ تنازع میں پاکستان کو فاتح قرار دیا۔
سروے کے مطابق بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی عوام کی اکثریت عسکری اور سیاسی قیادت سے خوش ہے اور 97 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔
تنازع کے بعد مسلح افواج کے بارے میں عوامی رائے میں بھی واضح بہتری آئی اور 93 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کے بارے میں اپنی رائے میں مثبت تبدیلی آنے کا کہا جبکہ تنازع کے دوران 73 فیصد پاکستانی حکومتی کارکردگی سے بھی خوش دکھائی دئیے اور سفارتی محاذ پر کامیابی کی تعریف کی۔
سروے میں بھارت کے خلاف واضح مؤقف رکھنے پر پاکستانیوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی سراہا اور 65 فیصد نے مسلم لیگ ن کے کردار کومثالی کہا، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے 58 فیصد جبکہ پی ٹی آئی کے کردار کو سروے میں 60 فیصد نے اچھا کہا۔
سروے میں تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کرنے پر 83 فیصد نے چین، 76 فیصد نے ترکیہ، 75 فیصد نے سعودی عرب، 71 فیصد نے ایران جبکہ 39 نے امریکا کی تعریف کی۔
سروے میں اس سوال پر کہ کیا بھارت سیزفائر معاہدے کی مکمل پابندی کرے گا؟52فیصد پاکستانی پُراعتماد نظر آئے اور کہا کہ بھارت کو جنگ بندی جاری رکھنی پڑے گی۔البتہ 34 فیصد نے شک کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت سیز فائر معاہدہ توڑ دے گا۔
جنگ کس کی جانب سے شروع کی گئی ؟ اس پر 87 فیصد نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا کہا جبکہ 4 فیصد نے دونوں کو قصور وار ٹھہرایا۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس پرہیش ٹیگ’’فیلڈمارشل فاتح حق عاصم منیر‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا




