مظفرآباد:ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں زائدالمعیاد ادویات کے لیبل تبدیل کرکے فروخت کرنیوالا دھندہ پکڑا گیا،سول سوسائٹی نے آج دن کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں زائدالمعیاد کا لیبل تبدیل کرلے مارکیٹ فروخت کرنیوالا گودام پکڑا گیا،سیاسی اپروج کی وجہ سے مالک کو چند گھنٹے بعد ہی رہا کردیا گیا۔
سر عام لوگوں کی زند گیوں کیساتھ کھلواڑ کرنیوالوں کو ڈھیل دینے پر سول سوسائٹی سراپااحتجاج بن گئی ہے اور شہریوں نے آج دن 12 بجے پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کو اطلاع ملی کہ مظفرآباد شہرمیں واقع ’’شکیل ہول سیل ڈسٹری بیوٹر‘‘معیاد ختم ہونے والی ادویات کے لیبل تبدیل کر رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر موقع پر پہنچ کر معاملہ جا جائزہ لیا جس پر معلوم ہوا کہ شکیل اور صداقت معیاد ختم ہونے والے نارمل سلائین ڈرپ کے لیبل تبدیل کرتے ہوئے ایکسپائر شدہ سٹاک پر نئے لیبل چسپاں کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولرنے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 20 کارٹن نارمل سلائین ضبط کرتے ہوئے سٹور سیل کر دیا ہے،اس موقع پر کچھ مزاحمت بھی کی گئی جس پر پولیس طلب کی گئی۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اب تحت قانون یہ مقدمہ ڈرگ کورٹ میں بھیجا جا رہا ہے اورعدالتی فیصلے تک سٹور بدستور سیل رہے گا۔
ادھر معاملہ جب سوشل میڈیا پر آیا اور شدید احتجاج لوگوں نے ریکارڈ کرایا تو الشفا میڈیکل سٹور کا لائسنس منسوخ کردیا گیا۔
چیئرمین کوالٹی کنٹرول بورڈ نے الشفا انٹرپرائزز کا ڈرگ لائسنس منسوخ کرتے ہوئے مالک سٹور سمیت 2افراد پر تاحیات ادویات فروخت کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی ادویات سکینڈ ل میں تاجرملوث ہوں یا سرکاری ملازم کڑی سزادی جائے،شوکت نواز میر