میرپور: منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1242 ہونے کے باعث کاکڑہ ٹاؤن موضع پوٹھہ بینسی کے 27 مکان جن کو ڈیم میں پانی کھڑا ہونے کے باعث دراڑیں پڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات پر کمشنرمیرپور چوہدری مختار نے سروے بھی کروایاجس میں یہ مکان مزید رہائش کے قابل نہیں رہے اور آئندہ جانی اور مالی نقصانات کابھی خدشہ ہے۔
کمشنرمیرپور نے متاثرین کے لئے متبادل جگہ اور ری سیٹلمنٹ کاسٹ کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ، واپڈا منگلا کو مکتوب تحریر کردیا ہے۔
پوٹھہ بینی کے رہائشیوں حاجی ذوالفقار علی خان وغیرہ نے کمشنر امور منگلا ڈیم کو درخواست دی تھی انہیں ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے تحفظ فراہم کیا جائے ۔
منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کی وجہ سے پانی سائلان کے گھروں کے بالکل قریب پہنچ جاتا ہے جس کی وجہ سے گھروں میں دراڑیں پڑ رہی ہیں،جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے، سائلان کی دادرسی فرمائی جائے۔
کمشنر امور منگلا ڈیم نے ہمراہ انتظامیہ سب ڈویژن اسلام گڑھ، عملہ فیلڈ محکمہ مال، ریزیڈنٹ انجینئر سول واپڈا اور متاثرین مکانات کی موجودگی میں متاثرہ مکانات کا معائنہ کیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ مکانوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے اورانہیں معاوضہ بھی دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: متاثرین منگلا ڈیم کے جملہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں گے،رانا قاسم نون کی یقین دہانی