اسلام آباد: مقابلے کے امتحان (سی ایس ایس) کی تیاری کرنے والے امیدواروں کیلئے اہم خبر سامنے آئی ہے۔
قومی اسمبلی نے سی ایس ایس امتحان کیلئے عمر کی حد میں 5 سال اضافے اور امتحان دینے کی اجازت کی حد کو3کے بجائے 5 مرتبہ تک بڑھانے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے نوجوانوں کی دیرینہ خواہش پر مبنی یہ قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سی ایس ایس امتحان میں شرکت کیلئے عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال کی جائے اور امتحان دینے کی زیادہ سے زیادہ حد 3 سے بڑھا کر 5 مرتبہ مقرر کی جائے۔
ایوان نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے حکومت کو سفارش کی کہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل اور قابل نوجوان انتظامی شعبے میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔
رکن اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کا کہنا تھا کہ عمر کی حد میں اضافے سے ہزاروں نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا، خصوصاً وہ افراد جو اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد عمر کی مقررہ حد کے باعث امتحان میں شرکت نہیں کر پاتے۔
دوسری جانب نوجوانوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انتظامی نظام میں میرٹ پر مبنی تقرریوں میں اضافہ ہوگا۔ اب توقع ہے کہ حکومت اس قرارداد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جلد اقدامات کریگی۔
یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحان میں شامل طلباء وطالبات کا نتائج روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار