اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )یوم تشکر کے موقع پر یادگار پاکستان پرمنعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی دعائوں سے ہمیں بنیان المرصوص میں کامیابی نصیب ہوئی ،قوم دن رات افواج پاکستان کیلئے دعائیں مانگتی رہی۔
اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اس نے ہمیں کامیابی عطا کی ،انہوں نے کہا کہ ایسا موقع صدیوں بعد ملتا ہے ، نو اور دس مئی کو میری سپہ سالاروں سےملاقات ہوئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت کو پیشکش کی کہ پہلگام واقعہ کی تحقیقات کرالیں لیکن وہ نہیں مانا ،ہماری بہادر افواج نے دشمن کو ایسا خواب دکھایا کہ وہ کبھی بھول نہیں سکے گا۔
آرمی چیف نے نو اور دس مئی کو مجھے فون کیا کہ بھارت نے میزائل لانچ کردئیے نورخان اور دیگر ایئر بیسز پر حملہ کردیا گیا ہے ،مجھے اجازت دیں گے دشمن کے منہ پرایسا تھپڑ رسید کرینگے کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔
قوم نے دیکھا کہ پھر کس طرح ہمارے شاہینوں نے حملے کئے دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی ، انہوں نے کہا صبح کا وقت تھا گھنٹی بھجی جنرل عاصم منیر لائن پر تھے کہنے لگے کہ ہم نے بھر پورجواب دیا ہے اور اب ہمیں سیز فائز کرنے کی درخواست آرہی ہے تو آپ کا کیا خیال ہے ۔
میں نے کہا کہ سپہ سالار اس سے زیادہ عزت اور کیا ہوسکتی ہے آپ نے دشمن کو تھپڑ مارا وہ سیز فائر پر تیار ہے تو اس آفر کو قبول کریں ،وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح ہمارے شاہینوں نے حملے کئے وہ دنیا نے دیکھے ۔
خطے میں خود کو تھانیدار سمجھنے والے دشمن کے چھ جہاز ہمارے شاہینوں کے گرائے ،
انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کے چھ طیارے مار گرائے جو خود کو جنوبی ایشیا کا تھانیدار سمجھتے تھے ان کے ہوش ٹھکانے آگئے ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج کا دن تشکر کا دن ہے . دشمن نے ہماری مخلصانہ پیشکش کو مسترد کر دیا ہم نے کہا تھا کہ ہم ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیں گے جو پوری تحقیقات کے بعد دنیا کو
حقائق بتائے گی لیکن دشمن انتہائی ظالمانہ انداز میں نشے میں دھت ہو کر پاکستان پر حملہ کیا اور ایک چھ سالہ بچہ، مائیں، بہنیں، بزرگ اور نوجوانوں سمیت بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر دیا۔
دشمن نے پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے اندر جا کر حملہ کر سکتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ دشمن دھمکیاں دیتا رہا اور پھر 9 مئی کی رات ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم جواب دیں گے اور ایسا جواب دیا کہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔