دھیرکوٹ:صدر مسلم کانفرنس وسابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نےبھارت کیخلاف نئی تاریخ رقم کی ہے ،جنرل سیدعاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب کیا جائے۔
آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے دھیرکوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق خان نے پاک فوج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے۔پاکستانی فوج اب دنیا کی طاقت ور ترین افواج میں شمار ہونے لگی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساری قوم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ہمقدم ہے۔ جنگ کا خطرہ ٹلا ہے ختم نہیں ہوا، ہندوستان کے سینے پر اب دیر تک مونگ دلے جاتے رہیں گے۔
مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی آخری وصیت ہے کہ پاکستان اور فوج کے ساتھ غیر مشروط طور پر کھڑا رہا جائے۔ حالیہ کامیابیوں نے مسئلہ کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔
صدرمسلم کانفرنس نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے ایک حملے میں کئی شکار کئے ہیں، پاکستان کے فوجی حملے میں ہندوستان کے غرور، اسرائیل، فرانس اور روس کی ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی کامیابی کی طرح مسئلہ کشمیر کے حل بھی کسی وقت قریب آجائے گا۔ پاکستان کے میڈیا، سوشل میڈیا،سفارت کار اور سول سوسائٹی یکساں طور پر خراج تحسین کی مستحق ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر سرحدی علاقوں میں سول ڈیفنس ٹریننگ اور سکولوں کالجوں میں NCCٹریننگ کا اہتمام کرے، ہم مسلح افواج پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا،مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،سردار عتیق




