اسلام آباد : ملک کے شمالی علاقوں بشمول کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں آج 15مئی سے 20مئی تک درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مئی 2025 کی پہلی ہیٹ ویو سے خبردار کیا ہےجس میں اگلے تین سے چار دنوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید موسمی حالات کی توقع ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے کچھ دوسرے حصوں میں 15 سے 19 مئی تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سیلسیس زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
اس طرح سال کے اس وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ گرم رہیگا۔آج سے خطے میں ہائی پریشر کا نظام غالب رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے جنوبی اور شمالی حصوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں 15 سے 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر کا موسم
شمالی علاقہ جات جیسے وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میںآج سے20مئی تک درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
شدید گرمی سے راحت مل سکتی ہے کیونکہ مغربی موسمی نظام 19 مئی کی شام کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے ۔
جس سے کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، اور گلگت بلتستان میں 20اور19 مئی کو کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار کے علاقوں میں الگ تھلگ موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے گریز کریں اور اچھی طرح ہائیڈریٹڈ رہیں۔