افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں یومِ تشکرمنایا گیا

اسلام آباد، مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج اور پاک فضائیہ کی جانب سے منہ توڑ جواب اور بنیان مرصوص کے کامیاب آپریشن پر آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں عوام خوشیاں اور جشن منارہی ہے ۔

بھارت کے خلاف افواجِ پاکستان کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔ بلوچستان سے آزاد کشمیر اور پنجاب تک عوام کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ عقیدت اور محبت کے لیے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں فضا ”پاکستان زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد“ کے نعروں سے گونجتی رہی۔

بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں عوام نے بھرپور ریلی نکالی جس میں شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور بھارت مردہ باد کے نعرے لگا کر اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔ آزاد کشمیر میں بھی عوام پیچھے نہ رہے، مظفرآباد سے کنٹرول لائن چکوٹھی تک نکالی گئی ریلی میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایبٹ آباد میں عوام نے ریلی نکال کر ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کیں اور جیت کی خوشی کو قومی جذبے سے منایا۔ نوشہرہ کے شہریوں نے بھی پاک فوج کی بے مثال کامیابی پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جشن کا سماں رہا۔ عارف والا میں فلیگ مارچ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ میلسی میں مسیحی برادری نے ”پاک فوج زندہ باد“ مارچ نکال کر یکجہتی اور محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔

شہر شہر، گلی گلی، عوام نے پاک فوج کی فتح کا جشن مناتے ہوئے ملی نغمے بجائے اور قومی پرچم لہرایا۔ ملک بھر کی سڑکیں ایک بار پھر قومی وحدت اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کی گواہ بن گئیں۔

پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی: پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی ریلی، فضائیں نعرۂ تکبیر سے گونج اٹھیں

Scroll to Top