اسلام آباد :آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ انتہا پسند مودی کا آزادکشمیر میں دہشتگردوں کونشانہ بنانے کا دعویٰ جھوٹا،مکارانہ اور فریب پر مبنی ہے ۔
معصوم بچے، اللہ کے گھر، گھریلو خواتین اور سیکڑوں بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے بعد بھی بھارتی وزیراعظم کی جانب سے جھوٹا بیانیہ تشکیل دینا ڈھٹائی کی آخری حد ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر مظہرسعید شاہ نےکہا کہ مودی ذہنی اور نفسیاتی مریض اور انسانیت دشمن شخص ہے ۔بلال مسجد مظفرآباد اور کوٹلی مسجد پر بھارتی حملوں میں معصوم بچے شہری شہید ہوئے۔
کشمیری قوم طویل عرصہ سے بھارتی دہشتگردی کا شکار ہیں۔بحیثیت ترجمان حکومت اور کشمیری قوم کے نمائندہ کی حیثیت سے خود ساختہ پہلگام واقعہ کی بنیادپر پاکستان اور کشمیری قوم پر جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ بھارت پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ملوث لوگوں کا ثبوت دے مگر وہ ثبوت دینے کے بجائے الٹا اس نے معصوم بچوں شہریوں اور مساجد پر حملہ کیا۔
کیا حملہ آوروں کو آسمان کھا گیا یا زمین نکل گئی ؟جبکہ وہاں پر قریب میں فوج کا ایک یونٹ بھی ہے اور پولیس چوکی بھی۔ ہر ساتویں کشمیری پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن پہلگام میں’’ را‘‘ ناکام ہوئی جبکہ پاکستان پر رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے میں ’’رافیل ‘‘ناکام ہوئے۔
مودی جیسے نفسیاتی اور ذہنی مریض کا کسی ملک کا وزیراعظم رہنا تو دور کی بات اس جیسا انتہا پسند دشمن شخص کسی مہذب سوسائٹی میں بھی رہنے کے قابل نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتہا پسند مودی مظلوموں کی آہوں کی پکڑ میں آچکا ہے۔ اس لیے حواس باختہ ہو کر ایسی گفتگو کرتا ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا ہے مگر دنیا اب اس کے مکر و فریب کو جان چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاک فوج کے جری اور بہادر سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جو قوم کی امیدوں پر پورا اترے۔
ہماری پاک فضائیہ نے دشمن پر اپنی برتری واضح کی اور دنیا نے پاک فضائیہ کی برتری کو تسلیم کیا۔ پاکستان پر رات کی تاریکی میں بھارت کے حملے اور پاکستان کی جانب سے دن کی روشنی میں بھارت کو جوابی وار نے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بلند کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں آزادکشمیر میں 32 افراد شہید ہوئے جن میں 17مرد،10خواتین اور 05 بچے شامل تھے جبکہ 125افراد زخمی ہوئے جن میں 67 مرد، 44خواتین اور 14 بچے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایل او سی کے گاؤں گیا وہاں سے لوگوں نے ہمارے کہنے کے باوجود گاؤں خالی نہیں کیا ،حکومت نے ایس او پی بنائی تھی کہ چوبیس گھنٹے کے اندر شہداء کو امدادی چیک دیا۔
وزیراعظم بلال مسجد خود گئے عوام میں موجود رہے ،ان گاؤں والوں نے کہا کہ ہم اپنی پاک فوج کے ساتھ ملکر لڑیں گے ۔کچھ گاؤں سے ہم نے انخلاء کروایا وہ بھی زبردستی کیونکہ بچے تھے اور خواتین تھیں۔