اسلام آباد : پاک فوج نے منگل کے روز بھارت کے ساتھ حالیہ جھڑپوں میں شہید اور زخمی ہونے والے فوجی و شہریوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ یہ جھڑپیں 6 اور 7 مئی کو ہوئیں جنہیں اب سرکاری سطح پر “معرکۂ حق” کا نام دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بھارتی حملوں کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن “بنیان المرصوص” کے دوران 11 فوجی شہید اور 78 زخمی ہوئے۔
شہداء میں پاک فوج کے 6 جوان اور پاک فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کے نام درج ذیل ہیں: نائیک عبد الرحمن، نائیک وقار خالد، لانس نائیک دل آور خان، اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر، اور سپاہی نثار۔
فضائیہ کے شہداء میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، سینئر ٹیکنیشن مبشر، اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال گولہ باری سے شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔ 40 شہری، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، شہید ہو گئے، جب کہ 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 27 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ یہ بہادر شہداء ہمارے قومی فخر کا باعث ہیں، ان کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جائے گی۔ ہم تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ قوم جارحیت کے خلاف متحد اور پرعزم ہے۔
شہداء کے خاندانوں کے لیے وزیراعظم کا امدادی پیکج
وزیراعظم شہباز شریف نے جھڑپوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس میں مالی امداد، رہائشی سہولیات اور بچوں کی تعلیم کے لیے معاونت شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج زندہ باد ریلیاں، گڑھی دوپٹہ میں اظہارِ تشکر اور وطن کی سلامتی کیلئے دعائیں
انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے ہیروز کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان دکھ، فخر اور عزم میں متحد ہے۔ ہماری جوابی کارروائی نہ صرف ہماری عسکری صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ قومی اتحاد کا اظہار بھی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہر سال 10 مئی کو “معرکۂ حق ڈے” کے طور پر منایا جائے گا تاکہ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 مئی کو “یومِ تشکر” منایا جائے گا، جس میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جائے گا اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔




