نریندرمودی نے بوکھلاہٹ میں تقریرکی،مذاکرات میں کشمیرسرفہرست ہوگا،وزیردفاع خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے بوکھلاہٹ میں یہ تقریر کی۔مذاکرات میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ مودی ایک ہارے ہوئے جواری کی طرح تقریر کر رہے تھے، جس کے پلے کچھ نہیں، مودی نےآج گفتگومیں کشمیر اوردہشتگردی کو قابل گفتگو مان لیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سے پہلے تویہ کہاجائے جو تم نے ہم پرالزام لگائے اس کی تحقیقات کی جائے، جتنا بڑا سرٹیفائیڈ دہشتگرد مودی ہے دنیامیں ایسا کوئی نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کو اس جنگ میں ہر محاذ پر فتح ہوئی، پاکستان میں بی ایل اے جیسی تنظیمیں بھارت کی پیدا کردہ ہیں۔

بھارت دہشتگردی کی بات کرے گا تو ہم فوراً پہلگام واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کریں گے، کشمیر پر بات ہوگی تو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا ذکر بھی آئے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ مجھے اب تک کوئی اطلاع نہیں کہ مذاکرات کہاں ہوں گے؟ اگر مذاکرات کیلئے ملاقات ہوگی تو ہی ایجنڈا طے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میری دانست میں مذاکرات میں کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور دہشتگردی پربات ہوگی، بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے ذریعے مغربی سرحد پربھی کارروائیاں کرواتا ہے۔

وزیردفاع کا کہنا تھاکہ کشمیر کا مسئلہ تو سر فہرست ہے، اگریہ مسائل حل ہوجاتے ہیں تو تعلقات بحال ہونے کا امکان ہے، کشمیرپربھارت رد عمل دےگا لیکن ٹرمپ نے اس معاملے میں کرداراداکرنے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کو مطمئن رہنا چاہیے، ہم بھارت کو جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں،خواجہ آصف

Scroll to Top