راولپنڈی: ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاک بھارت تنازع نے ایک بار پھر سے مسئلہ کشمیر کو فلش پوائنٹ بنا دیا ہے جو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت جیسی 2 ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیوں کہ یہ دونوں کے لیے تباہی کے مترادف ہے۔
اسی لیے پاکستان نے اس تنازع میں بہت ہی ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ مغربی سرحد پر تعینات افواج جو دہشتگردی سے نبردآزما ہیں، ان پر اثر نہ پڑے۔
جنگ بندی کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایل او سی پر جنگ بندی کی پاسداری کررہی ہیں۔
ہماری افواج کی جانب سے جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جارہی، کیونکہ ہم ایک پیشہ ور فوج ہیں اور اپنے معاہدوں کی سختی سے پاسداری کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان میں تو عوام امن ہونے پر خوشیاں منا رہے ہیں ، لیکن اگر کوئی جارحیت ہوتی ہے تو ہم اس کا جواب ضرور دیں گے۔