pakistani jet

پاک بھارت فضائیہ جھڑپ حالیہ تاریخ کی بڑی ،طویل ترین لڑائی ،دنیا بھر کی افواج اس کا مطالعہ کریں گی

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی تصادم نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے اور اسے جدید فضائی ہتھیاروں، پائلٹ کی مہارت اور لڑاکا طیاروں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا ایک بہترین موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

چینی ساختہ پاکستانی لڑاکا طیاروں اور فرانسیسی ساختہ ہندوستانی رافیل جیٹ طیاروں کے درمیان اس فضائی تصادم کا دنیا بھر کی فوجیں تجزیہ کریں گی تاکہ مستقبل کی جنگوں میں برتری حاصل کرنے کے لیے قیمتی معلومات حاصل کی جا سکیں۔

چھ اورسات مئی کی درمیانی شب پاکستانی اور بھارتی فضائیہ کے درمیان ہونے والی جھڑپ حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی اور طویل ترین جنگ ہے۔

اس فضائی جھڑپ میں چینی ساختہ پاکستانی جے ٹین طیارے اور فرانسیسی ساختہ ہندوستانی رافیل لڑاکا طیارے آمنے سامنے آئے۔

سینئر پاکستانی سیکورٹی ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ دونوں طرف سے تقریباً 125 طیاروں نے لڑائی میں حصہ لیا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی اور دونوں ممالک کے جنگی طیاروں نے اپنی فضائی حدود نہیں چھوڑی۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔پاکستانی جوابی وار میں رافیل طیارے کو نقصان پہنچا، فرانسیسی حکام کی تصدیق

لڑائی کے دوران بعض اوقات 160 کلومیٹر کے فاصلے سے ایک دوسرے پر میزائل داغے گئے ،پاک فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارتی حملوں کا زبردست جواب دیا اور 3 فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی طیارے مار گرائے۔

امریکی حکام کے مطابق چینی ساختہ پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے نے کم از کم دو ہندوستانی فوجی طیارے مار گرائے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان اور بھارت کی فضائی افواج کے درمیان یہ تصادم دنیا بھر کی فوجوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تصادم مستقبل کی جنگوں کے لیے حکمت عملی اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کا بہترین موقع ہے۔

یہ فضائی تصادم دوسرے ممالک کی فوجوں کے لیے اس جنگ میں پائلٹوں، لڑاکا طیاروں اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی کارکردگی کا مطالعہ کرنے اور اس معلومات کو اپنی فضائی افواج کو جنگ کے لیے تیار کرنے کے لیے استعمال کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔

یہ خبربھی پڑھیں ۔فرانسیسی کمپنی رافیل کو دھچکا، جے ایف 17 تھنڈر کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی جانب سے جدید ہتھیاروں کے عملی استعمال کا دنیا بھر میں خاص طور پر چین، امریکہ اور دیگر یورپی ممالک میں تفصیل سے تجزیہ کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ امریکہ اور کئی یورپی ممالک کی فضائی افواج پاک بھارت تنازعہ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں، طریقوں اور حکمت عملیوں کے ہر پہلو کا گہرائی سے تجزیہ کرنے میں دلچسپی لیں گی۔

 

Scroll to Top