نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواہے جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اورعلاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں تیزکرنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے اورتمام مسائل کا حل مذاکرات اورسفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن کو یقینی بنانے کیلئے مؤثراقدامات کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کیلئے تمام فریقین کوذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
قبل ازیں ایرانی وزیرخارجہ نے نئی دہلی میں بھارتی صدر، قومی سلامتی مشیر اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، عباس عراقچی نے ایران کیلئے جنوب ایشیائی خطے میں سکیورٹی اور استحکام کی اہمیت پر زوردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی کوشش، ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے