بھارت جنگی جنون کو ہوادینے سے گریز کرے ،پاکستان نے حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا سنے گی، سیاسی وعسکری قیادت

اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل )نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت میں مسلسل ناکامی کے بعد اب اپنے ہی شہریوں اور بالخصوص سکھوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے اپنے ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے۔
بھارتی جارحیت کی نگرانی جاری، پاکستان نے حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا سنے گی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا فیبریکٹیڈ خبریں چلارہا ہے ۔بھارتی میڈیا پر جعلی ویڈیوز اور خبریں چلا رہا ہے ۔ پاکستان نے حملہ کیا تو گونج پوری دنیا سنے گی ۔ جو چیز بھی پاکستان کی طرف آئے گی اس کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پانچ جنگی طیاروں اور دو یو اے ویز کو گرایا جو انہیں ہضم نہیں ہوا، آج ہم نے ایک بھرپور سیاسی بیان جاری کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کر کے پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے امرتسر پر حملہ کیا ہے، یہ جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کو ہم نے مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک بے بنیاد کہانی گڑھی گئی کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا جس کے جواب میں ڈرونز فائر کیے، یہ الزام انتہائی شرمناک ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم مطمئن رہے کیونکہ ہماری مسلح افواج ہر گھڑی و دم تیار ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسلح افواج، حکومت الرٹ ہے، اگر انڈیا نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم نے 36 گھنٹوں قبل بھرپور جواب دیا اور آئندہ بھی رب کی رحمت سے نصرت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی بھارت نے اگر کچھ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ15 مقامات پر پاکستان کے حملے کی خبریں بے بنیاد ہیں، بھارت کے پاکستان میں 29 ڈرونز گرائے گئے، بھارت نے چھوٹے ڈرونز پاکستان میں بھیجے وہ سمجھ رہے تھے کہ یہ چھوٹے ہیں تو ہمیں نظر نہیں آئیں گے ۔ بھارت میں جنگی جنون پیدا کیا گیا کہ پاکستان نے 15 جگہوں پر حملے کئے ۔ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کے حملے کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ بھارت جنگی جنون کو ہواد ینے سے گریز کرے ۔

Scroll to Top