راولپنڈی : افواجِ پاکستان نے بھارتی ڈرون جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو سافٹ کِل (تکنیکی مہارت) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) کے ذریعے کامیابی سے مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کیے گئے بزدلانہ حملے میں بھارت کے پانچ جدید طیارے، ڈرونز، متعدد فوجی چوکیوں کو نقصان پہنچا، اور جانی نقصان بھی ہوا۔ ان نقصانات کے بعد بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کے ذریعے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی یہ کارروائیاں اس کی بوکھلاہٹ اور اندرونی پریشانی کی عکاسی کرتی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور وہ مسلسل نقصانات اٹھا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر بھارتی ڈرون جارحیت میں اضافہ، پاک فوج نے والٹن روڈ پرمزید 3، راولپنڈی میں 2 ڈرونز مار گرا دیے
مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کا ملبہ برآمد کیا جا رہا ہے، جو بھارتی حملوں کا ثبوت ہے۔ افواجِ پاکستان دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔