اسلام آباد:آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ میں متحدہ کشمیر کا وزیراعظم ہوں ، بھارت جو مہاراجہ کا ایگریمنٹ دکھاتا ہے وہ جعلی ہے، بھارت نے 35 اے اور 370 ختم کیا تو وہ جعلی ایگریمنٹ بھی منسوخ ہو گیا۔
پندرہویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم حربی طور پر مضبوط ہیں اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا ۔
بین الاقوامی ایجنڈا یہ ہے کہ سٹیٹ اور عوام کا آپس میں تصادم ہو تاکہ پاکستان کی ایٹمی پاور سرنڈر ہو جائے لہذا ہمیں ان سازشوں کا ادراک کرتے ہوے الرٹ اور متحد ہونا ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ مودی میں یہ جرآت نہیں ہے کہ وہ انٹرنیشنل سرحد کو پار کرنے کی جرآت کرے ، پاک فوج کے دلیر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی موجودگی میں بھارت ایسا سوچ بھی نہیں سکتا ۔
2019 میں بھارت نے رات کو بزدلانہ حملہ کر کے ہمارے دو کوے مارے ہم نے دن کی روشنی میں ان کے دو طیارے مار گرائے اور میرے ہی ضلع بھمبر سے ان کا ایک پائلٹ گرفتار بھی ہوا جس نے کشمیریوں سے جوتیاں بھی کھائیں اور چائے بھی پی جس سے بھارت کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ میری تکلیف یہ ہے کہ میرے بچے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز شہید ہو رہے ہیں ،آدھی بیوائیں ہیں، میرا کوئی وی آئی پی لائف سٹائل نہیں،میری بیوی کپڑے خود دھوتی ہے۔
عوام کے پیسے پر عیاشی نہیں کررہا، کپڑوں کے صرف4 جوڑے ہیں، چوہدری انوارالحق
کپڑوں کے4 جوڑے ہیں وہی استعمال کرتا ہوں عوام کے پیسے پر نہ عیاشی کرتا ہوں نہ کسی کو اسکی اجازت دیتا ہوںو نہ تنخواہ لیتا ہوں نہ ٹی اے ، ڈی اے ، مخلوق خدا کی خدمت عبادت سمجھ کر کر رہا ہوں ۔
بھارت جو سوا ارب کا ملک اور چوتھی بڑی پاور ہے وہ میرے تین انٹرویو برداشت نہیں کر سکا جن جن چینلز پر میرے انٹرویوز چلے ان پر پاپندی لگا دی ۔
انہوں نے کہا کہ ایک بیٹا ہے اسے بھی وقت نہیں دے سکتا فی سبیل للہ عوام کی خدمت پر مامور ہوں اور پورے جوش و جذبے سے یہ کام کر رہا ہوں ،بڑھاپے میں دو چیزوں سے پناہ مانگی گئی ہے لالچ بڑھتا ہے اور دنیا سے محبت بڑھتی ہے میرا ایک بیٹا ہے میرے پاس جو ہے وہ اس کے لئے کافی ہے۔
میری والدہ میرا مرشد خانہ تھیں انہی کی دعاؤں کے صدقے کامیاب ہوا ہوں ، تجارت اللہ سے کرو تو نفع دیگی ،میں کھرب پتی بھی ہوں تو میں اس کا کیا کروں گا ،آخر میں دو گز زمین ہی ٹھکانا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا والدہ کے روضہ ساتھ ہی اپنے لئے بھی جگہ رکھی ہوئی ہے ، مجھے اپنے بستر کے بغیر نیند نہیں آتی ۔چار جوڑے رکھے ہیں وہی پہنتا ہوں ،اگر 55 سال میں بھی کسی کو سکون نہیں ملا تو پھر وہ کسی کی بددعا میں ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ آزادکشمیر: وزیراعظم انوارالحق کیخلاف دائر رٹ پٹیشن سماعت کیلئے منظور