مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے مظفر آباد سے تعلق رکھنے والا 75 سالہ ٹرک ڈرائیور بھارتی جیل میں پراسرار حالات میں انتقال کر گیا، متوفی کے اہل خانہ نے بھی تصدیق کر دی۔
کشمیر ڈیجیٹل کو معلوم ہوا کہ قیدی جس کی شناخت سید یوسف حسین شاہ کے نام سے ہوئی ہے کو بھارتی حکام نے 21 جولائی 2017 کو ہیروئن کی اسمگلنگ کے جھوٹے الزام میں گرفتار کیاتھا اور وہ بھارت کی ایک جیل میں سزا کاٹ رہے تھے ۔ان کے ساتھ مزید دو کشمیری ڈرائیور بھی جیل میں مقید ہیں۔
یاد رہے کہ متوفی یوسف حسین شاہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے تحت مظفرآباد سرینگر جانیوالے ٹرک کا ڈرائیور تھا۔ بھارت نے دوطرفہ تجارتی معاہدہ اپریل 2019 میں معطل کردیا تھا ۔
بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ، ای ٹی وی بھارت کی رپورٹ کے مطابق یوسف شاہ کا انتقال گزشتہ منگل کو ریاست اتر پردیش کی آگرہ سینٹرل جیل میں ہوا، جہاں وہ 25 جولائی 2022 سے پابند سلاسل ہیں۔
ہندوستانی جیل حکام نے دعویٰ کیا کہ یوسف شاہ نے سینے میں درد کی شکایت کی اور انہیں ابتدائی طور پر سینٹرل جیل ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں ایس این میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
تاہم جیل حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوسف شاہ کی موت جیل میں حفظان صحت کی خراب صورتحال اور ناکافی طبی دیکھ بھال کی وجہ سے ہوئی۔
کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یوسف شاہ کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد گزشتہ 8 سال سے بھارت میں قید ہیں اور “بھارت نے ہم سے بات نہ کر کے تمام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اور نہ ہی میرے والد کی خیریت کے بارے میں ہمیں آگاہ کیا۔
پاکستانی حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر متوفی کی موت کی اطلاع نہیں دی گئی۔کشمیر ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے مقتول کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد کی پیر کو مقامی بھارتی عدالت میں پیشی متوقع تھی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ان کے والد کے وکیل خواجہ تصدق کو ان کی موت کی اطلاع اس وقت دی گئی جب وہ عدالت میں پیش ہوئےجب انہوں نے میرے والد کو پیش کرنے کا کہا تو پولیس حکام نے بتایا کہ ان کی ڈیتھ ہوچکی ہے ۔
عدالت کو بتایا گیا کہ یوسف شاہ تین دن قبل انتقال کر گئے تاہم جیل اور عدالت نے ان کے کیس سے نمٹنے کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے والد کے کیس کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی اور نہ ہی ہندوستان کے عدالتی نظام نے انہیں انصاف فراہم کیا۔
میرے والد کو بھارت میں ہی دفن کر دیا گیا ہے،یوسف شاہ کے بیٹے نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت یوسف شاہ کی لاش کو پاکستان واپس لانے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔
تفصیلات کے مطابق یوسف شاہ سمیت آزاد کشمیر کےمزید 3 ٹرک ڈرائیور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی سزا کاٹ رہےتھے جن میں یوسف شاہ بھی شامل تھے جو گزشتہ منگل کو جیل میں ہی انتقال کرگئے جبکہ دو دیگر ڈرائیور بھارتی پولیس کی تحویل میں جیل میں پابند سلاسل ہیں۔
کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے تیار ہیں، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور