پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی کوشش، ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایران نے سفارتی سطح پر کردار ادا کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کا استقبال وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے کیا۔

ترجمان کے مطابق عباس عراقچی اس دورے کے دوران پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کے دورے کے بعد اسی ہفتے بھارت کا بھی دورہ کریں گے۔ ان دونوں دوروں کا مقصد پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں کمی لانا ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔

Scroll to Top