پاک بھارت کشیدگی میں کنٹرول لائن کے عوام بے خوف ، دھوم دھام سے شادیاں

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے منڈلاتے بادلوں میں بھی آزادکشمیر کے رہائشی شادی جیسی خوشی کی تقریبات جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا عالمی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ کنٹرول لائن کے قریب بسنے والوں میں زرہ برابر بھی خوف نہیں ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر کی دور دراز وادی نیلم میں ایل اوسی کے قریب شادیاں دھوم دھام سے جاری ہیں۔ ایک وادی میں 18 سالہ دلہن رابعہ بی بی کی شادی کو سرحدی علاقے میں جنگ کے منڈلاتے بادل بھی نہ روک سکے۔

ڈولی میں بیٹھنے سے قبل دلہن سے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمارے بچپن میں بھی صورتحال ایسی ہی تھی اس لئے ہم خوفزدہ نہیں ہیں۔سرخ دوپٹہ اور بھاری لہنگا پہنے بناؤ سنگھار کیے دلہن کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں تاکہ ہماری زندگی متاثر نہ ہو،دلہن کی ڈولی پہنچی تو راستے میں مرغا ذبح کیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق شیروانی اور سرخ و سنہری پگڑی میں دولہا چوہدری جنید بھی خوب سجے سنورے نظر آ رہے تھے۔ 23 سالہ دولہے نے کہا کہ لوگ کسی حد تک پریشان ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے کوئی روایتی تقریبات منسوخ نہیں کی۔

ایک اور گاؤں میں مکینیکل انجینئر شعیب اختر کی بھی شادی تھی۔خاندان کے افراد میں گھرے 25 سالہ دولہا اختر نے کہا کہ یہ ہماری زندگی کا سب سے خوشگوار موقع ہےاور ہم اسے کسی بھی قیمت پر خراب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو میں شادی کر رہا ہوں اور یہی سب سے اہم ہے۔ اگر جنگ ہوتی ہے تو ہم اس سے بھی نمٹ لیں گے۔دلہن نے کہا کہ ہم خوش ہیں اور اگر انڈیا کو مسئلے ہیں تو ہمیں پرواہ نہیں۔ہم ثابت قدم ہیں اور اپنے مفادات اور اپنی قوم کے لئے لڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر 7 مئی کو وادی لیپہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے

Scroll to Top