پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے جدید ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے والے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائل “ابدالی ویپن سسٹم” کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو 450 کلومیٹر تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ “ایکسرسائز انڈس” کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد افواج کی آپریشنل تیاری کو جانچنا اور میزائل کے اہم تکنیکی پہلوؤں کی کارکردگی کو پرکھنا تھا۔ تجربے میں میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم اور اس کی خصوصیات کو بھی جانچا گیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ تربیتی لانچ کا مظاہرہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے کیا، جب کہ اس موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، اور پاکستان کے دفاعی اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنسدان اور انجینیئر بھی موجود تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر تمام متعلقہ افسران، سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی۔

قومی قیادت نے پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کو یقینی بنانے کے لیے فورسز کی قابلیت اور تیاری قابلِ فخر ہے۔

Scroll to Top