تتا پانی

اسلاف کا قرض ادا کرنا ہے،بھارت کی ہر اوچھی حرکت کا منہ توڑ جواب دینگے، وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ہم نے اسلاف کا قرض ادا کرنا ہے،بھارت کی ہراوچھی حرکت کا منہ توڑ جواب دینگے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیراہتمام کالجز کیلئے بسوں کی تقسیم کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے چوہدری انوارالحق نے کہا کہ میں نے گزشتہ تین دنوں میں مودی کی ہندوتوا پالیسیوں اور مسئلہ کشمیر پر بیانیہ دیا ۔

ہندوستانی میڈیا میراغلط تلفظ کے ساتھ نام لے کر چیختا اور چلاتا رہا ، ہندوستان نے تمام ٹیلی ویژن اور یوٹیوب چینلز اپنے ملک میں “بین “ کردئیے جن پر میرے انٹرویوز چلے ، دشمن کو ہمارے بیانیے کی طاقت کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ارب سے زائد آبادی کا وزیراعظم 45 لاکھ آبادی والے وزیراعظم کے ہاتھوں پٹ گیا ہے ، یہ اس لیے ہوا کہ میرا یقین ہے کہ طاقت کا محور و مسکن خدا کی ذات ہے ، مودی کی ایسی کی تیسی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی گفتگو کی جعلی بدمعاشی کے ذریعے ہمیں خوف زدہ کرنا چاہتا ہے ، انشاء اللہ مودی کو پاکستان اور آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے

ہمارے اسلاف نے کبھی عددی برتری کی بنیاد پر باعزت زندگی کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، 313سے لے کر اندلس میں طارق بن زیاد کی جانب سے کشتیاں جلانے کے واقعہ کو ذہن میں لائیے، ہمارے اسلاف وہ ہیں۔

ہمارا توکل خالص اللّہ تعالیٰ کی ذات پر ہے ، ہم نے کبھی دنیاوی بتوں کو پوج کر مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کی ، ہمارے نبی کی راہ ہدایت یہی ہے کہ حق کی خاطر جان گنوانی سب سے ارزاں سودا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موت اٹل حقیقت ہے ، زندگی میں اپنے نامہ اعمال میں کیا لکھوا جاتے ہیں ؟ یہی ہمارے ساتھ جائے گا، سوشل میڈیا “ہائپ” سے قطعی طور پر متاثر نہیں ہونا ہے۔

سوشل میڈیا پر خبروں سے سچائی تلاش کرنے کے لیے بڑی میچور سوچ چاہیے ، آج کل لوگ رزق کے چکر میں لائکس لینے کے لیے قومی سلامتی کا جنازہ نکال دیتے ہیں، حوصلہ رکھیں بھارت کی ہر اوچھی حرکت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ کے منڈلاتے ہوئے گہرے بادل: انوارالحق حکومت خاموش تماشائی کیوں؟

Scroll to Top